چھوٹے اور درمیانہ درجے کے کاروباری شعبہ کو فروغ دینے کیلئے حکومت بھرپور اقدامات کررہی ہے،وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپولسٹری مینوفیکچررز ایسوسی ایشنز کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

77

اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات شوکت ترین نے کہاہے کہ چھوٹے اور درمیانہ درجے کے کاروباری شعبہ کو فروغ دینے کیلئے حکومت بھرپور اقدامات کررہی ہے۔انہوں نے یہ بات آل پاکستان بیڈ شیٹس اینڈ اپولسٹری مینوفیکچررز ایسوسی ایشنز کے چیئرمین عارف احسان ملک کی قیادت میں وفد سے ملاقات میں کہی۔

ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک، ممبر ایف بی آر اور سینئر افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے وزیر خزانہ کو ایسوسی ایشن کے کام کے بارے میں بریفنگ دی اور بتایا کہ بحیثیت ممبر یہ ملک میں ایس ایم ای کی سب سے بڑی ایسوسی ایشن ہے۔ یہ شعبہ برآمدات کے لحاظ سے اہم شراکت داروں میں سے ایک ہے اور آمدنی میں اس کا حصہ 2 ارب ڈالر ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ایسوسی ایشن کو خاص طور پر سیلز ٹیکس ریفنڈ اور لیکویڈیٹی بحران سمیت کئی مسائل کا سامنا ہے۔وزیر خزانہ نے ملک کی اقتصادی ترقی میں ایسوسی ایشن کے تعاون کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت ایس ایم ای سیکٹر کو فروغ دینے کیلئے اقدامات کررہی ہے کیونکہ یہ شعبہ روزگار کے مواقع کی فراہمی اور برآمدات میں کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔

وزیر خزانہ نے تمام مسائل کو غور سے سنا اور اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کومسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے معاونت فراہم کرنے اور ان کے مسائل کو حل کرنے کی یقین دہانی پر وزیر خزانہ کا شکریہ ادا کیا۔