چھوٹے ڈیموں کی تعمیر سے پانی ذخیرہ کرکے زراعت کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے ،صوبائی وزیر آبپاشی

151

پشاور۔13فروری (اے پی پی):خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی ارشدایوب خان نے کہا ہے کہ چھوٹے ڈیموں کی تعمیر سے پانی ذخیرہ کرکے زراعت کو مزید فروغ دیا جاسکتا ہے اس طرح زیادہ سے زیادہ رقبے کو زیر کاشت لانے سے تھوڑے ہی عرصے میں سبز انقلاب لایاجاسکتا ہے۔

چھوٹے ڈیموں کی تعمیر تحریک انصاف حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے صوبہ بھر میں سمال ڈیمز تعمیر کے کئی منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں جبکہ کئی منصوبوںپر کام جاری اور مزید شروع کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ری ماڈلنگ آف ورسک کینال سٹم سے پشاور اور نوشہرہ کے ہزاروں ایکڑ اراضی کو سیراب کیا جاسکتا ہے اس منصوبے کی تکمیل سے ساڑھے سات سو کیوسک پانی کا اضافہ ہوگا.

اور اس طرح پانی کی کمی کے مسائل بھی حل ہوجائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ری ماڈلنگ آف ورسک کینال اور پیہور ہائی لیول کینال کے توسیعی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں سیکرٹری آبپاشی ایاز خان، پراجیکٹ ڈائریکٹر ری ماڈلنگ آف ورسک کینال سیدرحمان، پراجیکٹ ڈائریکٹر پیہور ہائی لیول کینال توسیع سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبائی وزیر آبپاشی ارشدایوب خان کو منصوبوں کی لاگت، افادیت، پیش رفت اور درپیش مسائل سے اگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پیہور ہائی لیول کینال توسیع منصوبے کو دسمبر 2023 تک مکمل کیا جائے گا جس سے صوابی اور نوشہرہ کی اراضی سیراب ہو گی ۔صوبائی وزیر آبپاشی ارشدایوب خان نے کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام معیار ی ہونا چاہیے ۔