چیئر مین نیب کی زیرِ صدارت اجلاس، ڈی جی نے نیب لاہور کی گذشتہ3سالہ کارکردگی پربریفنگ دی

80

لاہور۔4مئی (اے پی پی):قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئر مین جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیرِ صدارت نیب ہیڈ کوارٹرز میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں نیب لاہور کی مجموعی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی نیب، ڈی جی آپریشنز اور نیب کے سینئر آفیسران نے شرکت کی،اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نیب لاہور کی جانب سے بورڈ کو نیب لاہور کی مجموعی کارکردگی پر جامع بریفنگ دی گئی .

بریفنگ میں چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کی قیادت کے دوران(2017 سے تاحال) نیب لاہور کیجانب سے ہونیوالی ریکوری کا نیب کے قیام 1999سے 2016 تک کی مجموعی ریکوری سے مکمل اعداد و شمار کے ساتھ تقابلی جائزہ پیش کیا گیا ، ڈی جی نیب لاہور کی نگرانی میں گزشتہ چار سالہ دور میں نیب لاہور کی ڈائریکٹ و اِن ڈائریکٹ ریکوری، پنجاب کی56کمپنیوں میں ہونیوالی ڈائریکٹ و اِن ڈائریکٹ ریکوری کے علاوہ کمپنیز سکینڈل کی موجودہ صورتحال، ہاﺅسنگ سیکٹر میں ہونیوالی ڈائریکٹ و اِ ن ڈائریکٹ ریکوری، معزز احتساب عدالتوں میں دائر کئے گئے ریفرنسز کی صورتحال کے علاوہ ملزمان کو سزائیں دلوانے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا .ڈی جی نیب لاہور نے بورڈ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موجودہ قیادت کے دور میں 2017 سے تاحال نیب لاہور مجموعی طور پر 75 ارب سے زائدکی ریکوری کر چکا ہے جس میں 14.4 ارب ڈائریکٹ جبکہ 66.6 ارب اِن ڈائریکٹ ریکوری کے طور پر ملزمان سے برآمد کروائے گئے ہیں تاہم ماضی میں نیب کے قیام 1999سے2016تک کے 17 سالہ دور میں نیب لاہور نے مجموعی طور پر 41 ارب 7کروڑ کی ریکوری کی جس میں 17 ارب 7 کروڑ ڈائریکٹ اور 23 ارب کی اِن ڈائریکٹ ریکوری شامل ہے، اسی طرح متاثرین کے نقصان کے ازالہ کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ماضی کے 17 سالہ دور میں کل 8500 متاثرین کی داد رسی کی گئی جن میں 2014ءمیں 1629متاثرین ، 2015ء میں 1401 متاثرین اور 2016ءمیں 2524 متاثرین کے نقصان کا ازالہ شامل ہے جبکہ 1763 متاثرین کو اِن ڈائریکٹ ریکوری کروائی گئی.

اسی طرح موجودہ قیادت کے دور میں مجموعی طور پر58,790 متاثرین کے نقصان کا ازالہ کروایا گیا جس کیمطابق 14,200 متاثرین کو ڈائریکٹ کیش یا پے آرڈرکی صورت میں 5 ارب 60 کروڑ روپے تقسیم کئے گئے جبکہ 21,628 متاثرین میں اِن ڈائریکٹ ریکوری کے طور پرمکانات، پلاٹ و فلیٹ تقسیم کئے گئے، علاوہ ازیں 22,962 متاثرین کو احتساب عدالتوں میں ریفرنس دائر کرنےکی صورت میںریلیف فراہم کیا گیا،اسی طرح پنجاب کی 56کمپنیوں کے کیس پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نیب لاہور نے مذکورہ کیس میں4 ریفرنس احتساب عدالتوں میں دائر کئے ہیںجن میں لاہور پارکنگ کمپنی (LPC) کیس، پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی (PPDC) کیس، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی (PLDC) کیس اور پنجاب صاف پانی کمپنی ساﺅتھ (PSPC) کیس شامل ہیں، فی الوقت نیب لاہور میں7کمپنیوں کے کیسز کی انکوائریوں پر تحقیقات آخری مراحل میں جاری جبکہ 16کمپنیوں کے کیسز نیب ہیڈ کواٹرز کو مزید کارروائی کیلئے ارسال کئے گئے ہیں.

اسی طرح 33انکوائریاں عدم شواہد کی بنیاد پرقانون کے مطابق بند یا مزید کارروائی کیلئے متعلقہ اداروں کو ریفر کی گئی ہیں جن میں1انکوائری محکمہ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ (ACE) کو منتقل اور 2 انکوائریاں پہلے سے جاری انکوائریوں کے ساتھ ضم کر دی گئی ہیں، 56 کمپنیز سکینڈل میں ہونیوالی بڑی ریکوری پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں ملزم اکرام نوید سے اِن ڈائریکٹ ریکوری کی صورت میںکم و بیش 1 ارب مالیت کے اثاثہ جات کی برآمدگی رہی جبکہ لاہور پارکنگ کمپنی کیس میں پلی بارگین کے تحت 8 کروڑ روپے کی ریکوری کی گئی ہے، 56 کمپنیز سکینڈل میں ایک اور قلیدی پیش رفت لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (LWMC) کیس میں کمپنی کو نیب لاہور کے اقدامات سے دو بین الاقوامی فرمز سے صفائی کیلئے استعمال ہونیوالی کم و بیش 500 ہیوی وہیکلز (Vehicles) اور مشینری کے ملکیتی حقوق کی فراہمی کرواناہے ، ان تمام وہیکلز و مشینری کی موجودہ مالیت کا تخمینہ4 سے 5ارب روپے لگایا جاتا ہے جو نیب لاہور حکام ہی کی انتھک کاوشوں کے سبب ممکن ہوسکا ہے.

بریفنگ میں ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ عوام کو منافع کا لالچ دیتے ہوئے زندگی بھر کی جمع پونجی سے محروم کرنے والے المعروف ڈبل شاہ کیس میں ملوث ملزمان سے 3 ارب 49کروڑ روپے برآمد کروائے گئے جن میں سے 2 ارب 40 کروڑ روپےکی خطیر رقم متاثرین کو واپس بھی لوٹائی جا چکی ہے جو نیب لاہور کی اہم کامیابی ہے،اس موقع پر چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال کیجانب سے ڈی جی نیب لاہور کی سربراہی میں نیب لاہور کے اقدامات کو بھرپورسراہا گیا اور اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ نیب ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کیلئے ہر ممکن اقدامات بلا کسی دبائوکے اٹھاتا رہے گا، چیئرمین نے کہا کہ نیب نے موجودہ انتظامیہ کے دور میں 487ارب روپے کرپٹ عناصر سےت وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں جو کہ نیب کی ایک نمایاں کامیابی ہے ، قومی و بین الاقوامی معتبر اداروں نے بھی نیب کی شاندار کامیابی کی تعریف کی ہے۔