چیئرمین ایف بی آر سید محمد شبر زیدی کا ایس ڈی پی آئی کے ز یرِ اہتمام پاکستان اکانومی اور آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے پالیسی سمپوزیم سے خطاب

164

اسلام آباد ۔ 20 جولائی (اے پی پی) چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) سید محمد شبر زیدی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اور آئی ایم ایف ایک ہی صفحے پر ہیں ،آئی ایم ایف کی طرف سے تجویز کردہ اقدامات بالخصوص ٹیکس کے حوالے سے اقدامات پر حکومت کی طرف سے کوئی اختلاف نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پالیسی ادارہ برائے پائیدار ترقی (ایس ڈی پی آئی) کے ز یرِ اہتمام ’پاکستان اکانومی اور آئی ایم ایف پروگرام کے حوالے سے ایک پالیسی سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پرسابق وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر ، پاکستان میں تعینات آئی ایم ایف کی نمائندہ ماریا ٹریسا دبان اور ایس ڈی پی آئی سے ڈاکٹر عابد قیوم سلہری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ شبر زیدی نے کہا کہ ٹیکس ہی وہ واحد ذریعہ ہے جس سے معاشرے میں دولت کی منصفانہ تقسیم ممکن ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تقریبا ایک لاکھ کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں جن میں سے صرف 60 ہزار ہی ٹیکس دیتی ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ حالیہ بجٹ میں کئے جانے والے اقدامات پاکستان کی تاریخ میں مثالی ہیں جو پرانے طور طریقوں کو مکمل طور پر بدل دیں گے،اس کے علاوہ حکومت ٹیکس کے نظام میں آٹومیشن کے ذریعے کرپشن پر قابو پائے گی ۔ سابق وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ معاشی استحکام ملکی ترقی کے لئے ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاشی استحکام کے ساتھ ہر شعبے میں بھرپور اصلاحات سے ملک معاشی بحران سے جلد نکل آئے گا۔ آئی ایم ایف کے پروگرام پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر شمشاد نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پروگرام میںتاخیر سے جانے کی وجہ سے بے یقینی میں اضافہ ہواجس سے معیشت پر بُرا اثر پڑا۔