چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد سے سعودی سفیر کی ملاقات، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا

432

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سید المالکی نے چیئرمین ہائیر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)ڈاکٹر مختار احمد سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

بدھ کو ہونے والی ملاقات میں سعودی سفیر اور چیئرمین ایچ ای سی نے باہمی تعاون اور پاکستانی و سعودی جامعات کے مابین تعلیمی و تحقیقی شعبہ جات میں معاونت کو مزید استوار کرنے پر اتفاق کیا۔ ملاقات میں پاکستان میں سعودی طلباء اور سعودی عرب میں زیر تعلیم پاکستانی طلباء کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھی بات چیت کی گئی۔

چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے کہا کہ ایچ ای سی سعودی حکومت کی جانب سے مہیا کردہ اسکالرشپس سے پاکستانی طلباء کے زیادہ سے زیادہ استفادے کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔