چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے کے پی ایم جی کے نمائندگان کی ملاقات

104
عوام کوبہترین سفری سہولیات کی فراہمی سی ڈی اے کی اولین ترجیح ہے، محمد علی رندھاوا

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا سے کے پی ایم جی (KPMG) کے نمائندگان نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات میں سی ڈی اے بورڈ ممبران سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ہفتہ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں سی ڈی اے کے مختلف منصوبوں کے لئے بہترین مالیاتی پلان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا اور منصوبوں کو مالیاتی طور پر پائیدار اور مستحکم کرنے کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیر غور لائی گئیں۔

اس ضمن سی ڈی اے کے مختلف منصوبوں کو مالیاتی طور پر قابل عمل اور پائیدار بنانے کیلئے کے پی ایم جی اپنی مشاورتی خدمات فراہم کرے گا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کی تعمیر و ترقی کے لئے ان منصوبوں کو سرمایہ کاری کیلئے موزوں ترین بنانا چاہتے ہیں۔ ملاقات میں سرمایہ کاروں کیلئے مختلف کانفرنسز اور سیمینارز کے انعقاد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے ان منصوبوں کو مالیاتی طور پر خود مختار بناکر ان سے حاصل شدہ آمدنی شہر کی فلاح پر خرچ کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں کے پی ایم جی اپنی بہترین کنسلٹنسی اور تیکنیکی معاونت فراہم کرے۔محمد علی رندھاوا نے کہا کہ کے پی ایم جی ان منصوبوں کے لئے بہترین بزنس ماڈل اور مالیاتی حکمت عملی شیئر کرے۔ انہوں نے کہا کے پی ایم جی کی مشاورتی، تیکنیکی صلاحیتوں اور تجربات سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے گا۔ملاقات میں اسلام آباد شہر کے لئے باہمی تعاون کو فروغ دینے اور ملکر کام کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔