اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے پیر کے روز متعلقہ افسران کے ہمراہ رمضان ریلیف پیکج کے تحت سیکٹر G-6 میں قائم سستے بازار میں مختلف سٹالز کا دورہ کیا۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے دورہ کے دوران اشیاء خوردونوش کی ارزاں نرخوں پر فراہمی کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام میں وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہدایت پر اسلام آباد میں رمضان ریلیف پیکج کے تحت جہاں ہم نے ارزاں نرخوں پر مختلف سیکٹرز میں سستے بازار لگائے ہیں وہاں اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے کے افسران نے 184 گراں فروشوں کو نہ صرف اب تک قانون کے مطابق گرفتار کیا بلکہ ان پر جرمانے بھی عائد کئے جو کہ سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کی عوام کو ارزاں نرخوں پر اشیاء خوردو نوش کی فراہمی کیلئے کی گئی سنجیدہ کوششوں کا عملی ثبوت ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے بازار میں آنے والے صارفین سے اشیاء خوردونوش کی قیمتوں اور کوالٹی کے بارے میں دریافت کیا۔ صارفین نے رمضان ریلیف پیکج کے تحت G-6 میں اشیاء خوردونوش کی مناسب داموں فراہمی کو نہ صرف سراہا بلکہ اشیاء کی شاندار کوالٹی پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔ چیف کمشنر اسلام آباد نے سستے بازار میں گھی، چاول، آٹا سمیت دیگر اشیاء خوردونوش کے سٹاک کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سخت مانیٹرنگ اور جامع منصوبہ بندی کے تحت گھی، مرغی اور انڈوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
انہیں مزید بتایا گیا کہ آلو، پیاز، ٹماٹر، لہسن، ادرک، بینگن سمیت دیگر سبزیاں بھی لاہور، روالپنڈی اور دیگر شہروں کی نسبت کم قیمتوں پر فروخت ہورہی ہیں۔ اسی طرح مختلف پھلوں کے نرخ بھی ملک کی دیگر مارکیٹوں اور شہروں سے نسبتاً کم ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ اشیاء خوردونوش کی فراہمی اور سرکاری قیمتوں پر دستیابی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ افسران سستے بازاروں اور منڈیوں میں اپنی موجودگی کو یقینی بنانے کے ساتھ شکایات کا فوری ازالہ کریں۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے کہا کہ سستے بازاروں میں سرکاری قیمتوں کی ریٹ لسٹ نمایاں جگہوں پر آویزاں کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی و منافع خوری کرنے والوں کو کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ماہ صیام میں شہریوں کو ہر صورت ریلیف فراہم کرنا ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہری سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق ہی قیمتیں ادا کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=570867