چیئرمین سی ڈی اے کا کیپٹل ہسپتال اسلام آباد میں جدید ترین ڈے کیئر سینٹر کا افتتاح

148

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)محمد علی رندھاوا نے کیپٹل ہسپتال اسلام آباد میں 3 سال کی عمر تک کے بچوں کے لئے بنائے گئے جدید ترین ڈے کیئر سینٹر اور ارلی چائلڈہڈ ڈویلپمنٹ سینٹر کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ یہ ڈے کیئر سینٹر یونیسف کے تعاون سے قائم کیا گیا ہے۔ بدھ کو سی ڈی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہسپتال میں نئے قائم کردہ پیڈیایٹرک ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کا بھی افتتاح کیا۔

اس موقع پر ممبر ایڈمنسٹریشن سی ڈی اے، ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹل ہسپتال، یونیسف کے نمائندے اور اتھارٹی کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈے کیئر سینٹر میں لائیو مانیٹرنگ سسٹم قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے والدین اپنے بچوں کو مسلسل دیکھ سکتے ہیں۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ جدید سہولت پاکستان میں کسی بھی چائلڈ کیئر سینٹر میں پہلی بار متعارف کرائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام والدین کے اطمینان کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ ملک میں چائلڈ کیئر سروسز کے لئے ایک نیا معیار قائم کرے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ یہ اقدام ابتدائی بچپن کی نشوونما کو فروغ دینے میں ایک اہم قدم ہے اور اس سے ورکنگ والدین کو معیاری ڈے کیئر کی سہولت میسر آئے گی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے یونیسف کا اس منصوبے میں تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا اور سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز اور دیگر صحت کے مراکز میں اسی طرح کے ڈے کیئر سینٹرز قائم کرنے کے لئے مزید تعاون کی درخواست کی۔

کیپٹل ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد نعیم تاج نے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا کہ سینٹر کو ماں کے دودھ پلانے میں سہولت فراہم کرنے کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے جہاں کام کرنے والی مائیں اپنے بچوں کو آرام دہ ماحول میں دودھ پلا سکتی ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے کو مزید بتایا گیا کہ سینٹر کا مقصد بچوں کی جسمانی اور جذباتی صحت پر توجہ دیتے ہوئے ان کی صحت مند نشوونما کو یقینی بنانا ہے۔