چیئرمین سی ڈی اے کی اے ڈی بی کے وفد کے ساتھ میٹنگ، اسلام آباد انٹر سٹی بس ٹرمینل سمیت مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال

134
اسلام آباد کی زمین کو غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات سے پاک رکھنے کیلئے آپریشن میں تیزی لانے کا فیصلہ

اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوانے بدھ کے روز اے ڈی بی کے وفد کے ساتھ میٹنگ کی صدارت کی جس میں اے بی ڈی کے ایک ممبر نے منیلا سے بذریعہ زوم میٹنگ میں شرکت کی۔ میٹنگ میں ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ ، ڈی جی ریسورس شکیل احمد سمیت سی ڈی اے کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

ملاقات میں اسلام آباد انٹر سٹی بس ٹرمینل سمیت مختلف منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد انٹر سٹی بس ٹرمینل کی پری فزیبلٹی رپورٹ مکمل کرلی گئی ہے جبکہ اسلام آباد انٹر سٹی بس ٹرمینل کی تفصیلی فیزیبلٹی رپوٹ کا بھی آغاز کیا جا رہا ہے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ اسلام آباد انٹر سٹی بس ٹرمینل منصوبے کو بی آر ٹی اور اسلام آباد کی الیکٹرک بسوں کے ساتھ منسلک کیا جائے گا اور منصوبے میں الیکٹرک بسوں کے چارجنگ انفراسٹرکچر کو بھی شامل کیا جائے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے انٹر سٹی بس ٹرمینل منصوبے کے کام کو مرحلہ وار جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد انٹر سٹی بس ٹرمینل کے قیام کے حوالے سے اے ڈی بی بہترین آپریشنل اور فنانشل ماڈل تیار کرے تاکہ اس سے حکومت کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کی تکنیکی مشاورت اور منظوری کے بعدمکمل کیا جاسکے۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ماس ٹرانزٹ ماسٹر پلان 2030 پر کام کا آغاز کر رہے ہیں اور اس ضمن میں اے ڈی بی ماس ٹرانزٹ ماسٹر پلان 2030 تیاری میں تکنیکی معاونت حاصل کی جائے گی جس منصوبہ کو مزید موثر بنانے میں مدد ملے گی چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ماس ٹرانزٹ ماسٹر پلان 2030 میں اسلام آباد بی آر ٹی کی توسیع، ریل کار اور ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر میں سرمایہ کاری جیسے منصوبے شامل ہونگے۔میٹنگ کے اختتام پر اے ڈی بی کے وفد نے سی ڈی اے کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور سی ڈی اے کے ساتھ مل کر اسلام آباد شہر کی تعمیر و ترقی کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔