چیئرمین سینیٹ 13 تا 15 فروری اقوام متحدہ کے تحت ہونے والی سالانہ پارلیمانی سماعت کیلئے امریکہ کا دورہ کریں گے

202
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔14جنوری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی 13 تا 15 فروری نیویارک میں اقوام متحدہ کے تحت ہونے والی سالانہ پارلیمانی سماعت کیلئے ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے امریکہ کا دورہ کریں گے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی طرف سے ہفتہ کے روز جاری پریس ریلیز کے مطابق اس سماعت میں دنیا بھر میں پانی کی قلت پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ سماعت کے دوران اور بعد میں چیئرمین سینیٹ، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل، امریکی سینیٹ کے صدر پرو ٹیمپور، امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر، امریکی سینیٹ کی خارجہ امور کمیٹی اور اہم سینیٹرز اور کانگریس کے ارکان سے ملاقاتیں کریں گے۔

چیئرمین سینیٹ کا امریکہ کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ نیویارک اور واشنگٹن ڈی سی میں اپنی مصروفیات کے بعد، وہ پاکستانی تارکین وطن سے ملاقات کے لیے نیو جرسی، شکاگو اور ہیوسٹن بھی جائیں گے۔