چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ہفتہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے دو سینیٹرز کے پروڈکشن آ ڈرز پر رولنگ

115
Syed Yusuf Raza Gilani
Syed Yusuf Raza Gilani

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ہفتہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں پی ٹی آئی کے دو سینیٹرز کے پروڈکشن آ ڈرز پر رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اور متعلقہ اداروں کی جانب سے پارلیمانی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی ہو رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈرز جاری کیے تھے، تاہم اس کے باوجود انہیں سینیٹ اجلاس میں پیش نہیں کیا گیا، جو پارلیمانی روایات اور قواعد کے منافی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ، انہیں میڈیا کے ذریعے سینیٹر عون عباس بپی کی گرفتاری کا علم ہوا جبکہ اصولی طور پر کسی بھی سینیٹر کی گرفتاری سے قبل چیئرمین سینیٹ کو مطلع کرنا ضروری ہوتا ہے۔

انہوں نے اس عمل کو پارلیمان اور جمہوری اقدار کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے احکامات کو نظرانداز کرنا ایوان کے استحقاق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔اسی لیے انہوں نے سینیٹر اعجاز چوہدری کے پروڈکشن آرڈرز پر عملدرآمد نہ ہونے کے معاملے کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے استحقاق کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ۔