اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جے یو آئی (س) کے رہنما مولانا حامد الحق حقانی کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے کہا کہ وہ ایک نیک، دیانتدار اور شفیق انسان تھے جن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں وہ سوگواران کے غم میں برابر کے شریک ہیں، دہشت گردی کے اس گھنائونے اور بزدلانہ حملے میں ملوث عناصر ملک و قوم کے دشمن ہیں جو معصوم شہریوں کی جانوں سے کھیل کر ملک میں بدامنی پھیلانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایسے درندہ صفت دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور ان کے خلاف سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ ملک میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔ چیئرمین سینیٹ نے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے اس واقعے میں ملوث دہشت گرد عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائیں۔