چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے قزاخستان کے سفیر کی ملاقات

60

اسلام آباد۔12نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سےقزاخستان کے سفیر یرزن نے جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان ےقزاخستان دوطرفہ تعاون، پارلیمانی و تجارتی سطح پر وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان اور ےقزاخستان کے مابین بہترین معاشی تعلقات سے دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی اور معاشی و تجارتی روابط سے علاقے کی ترقی میں بھی نمایاں پیشرفت ہوگی۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین برادرانہ اور دوستانہ تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا اہم جزو ہیں۔ ایوان بالاء میں قزاخستان، پاکستان دوستی گروپ موجود ہے جس کے ذریعے دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مزید مربوط بنایا جا سکتا ہے۔ پاکستان اور قزاخستان کے مابین بین الاقوامی فورمز کی سطح پر بھی بہترین تعلقات ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان نے اکثر بین الاقوامی اور علاقائی امور پر یکساں موقف اختیار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پارلیمانی تعلقات کے فروغ سے معاشی اور اقتصادی شعبوں میں تعاون سے استحکام آئے گا۔پاکستان وسطی اشیائی ممالک کے ساتھ رابطہ کاری کے فروغ کو مزید مستحکم کرنے کے سلسلے میں کوشاں ہے۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ادارہ جاتی تعاون کی بدولت عوامی سطح پر روابط کو مزید بڑھانے میں مدد ملے گی۔ قزاخستان کے سفیر نے پاکستان کی ثقافت اور مہمان نوازی کی تعریف کی اور کہا کہ قزاخستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے سفیر کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔قزاخستان کے سفیر نے چیئرمین سینیٹ کو بتایا کہ تجارتی و معاشی روابط کو مستحکم کرنے کیلئے تجارتی سطح پر وفود کے بتادلوں میں تیزی آرہی ہے۔ اس مہینے کے آخری ہفتے میں پاکستان۔قزاخستان بزنس فورم کا اجلاس ہونے جارہا ہے جس میں پاکستان کا تاجر برادری پر مشتمل وفد شرکت کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ سائنس و ٹیکنالوجی، تعلیم اور دیگر شعبوں میں بھی تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے معاشی و تجارتی روابط کو موثر بنانے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اور قزاخستان کے درمیان براہ راست فضائی روابطوں سے رابطہ کاری مزید بڑھ جائے گی اور عوامی سطح پر روابط کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سول ایوی ایشن سے بھی بات کی جائے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے وسیع مواقع موجود ہیں۔ قازقستان کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کر سکتے ہیں۔