چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان میں تعینات کینیڈا کی ہائی کمشنر کی ملاقات

61

اسلام آباد۔4فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے پاکستان میں تعینات کینیڈا کی ہائی کمشنر ونڈی گلیمور نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور کینیڈا کے دوطرفہ تعلقات، کورونا وبا سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی جانب سے اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لیے نمائندہ خصوصی مقرر کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جسٹن ٹروڈو کا اسلاموفوبیا سے متعلق بروقت اقدام اس مطالبے کی تائید ہے جو وزیر اعظم پاکستان عمران خان ایک عرصے سے بین الاقوامی فورمز پر دہراتے آرہے ہیں۔

اسلامو فوبیا کی صریح مذمت اور دورِحاضر کی اس لعنت کے تدارک کے لیے مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ پاکستان کینیڈا کے ساتھ روایتی دوطرفہ، طویل مدتی اور کثیر الجہتی پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے۔چیئرمین سینیٹ نے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور کینیڈا کے عوام کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی سماجی اور معاشرتی پالیسیاں قابل تحسین ہیں۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ نسلی امتیاز سے پاک، انصاف اور مساوات پرمبنی روئیے عالمی امن کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں اورمقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بنیادی انسانی حقوق کا احترام یقینی بنانے میں ترقی یافتہ ممالک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی تعاون سے پورے خطے میں انسانی معیار زندگی میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے شمالی علاقہ جات میں سرمائی کھیلوں کے فروغ کے لیے ونڈی گلیمور کی کوششوں کو سراہا۔کنیڈین ہائی کمشنر نے افغانستان اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال میں پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔