اسلام آباد ۔ 13 نومبر (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے ایوان بالا کے کمیٹی نظام کو مزید مو¿ثر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ قانون سازی اور حکومتی جوابدہی کےلئے ایوان بالا اور اس کی کمیٹیوں کو زیادہ بااختیار بنانے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں بہتر طرز حکمرانی کو مزید مو¿ثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پارلیمنٹ ہاﺅس میں سینیٹ کی قائمہ کمیٹیوں پر مشتمل کونسل آف چیئرمین کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹ وفاق کا ایوان ہے اور زیادہ بااختیار ایوان وفاقی اکائیوں کی موثر آواز بن کر سامنے آئے گا۔ انہوں نے اس بات کا بھی عندیہ دیا کہ حکومت سے اس امر پر مشاورت کی جائے گی کہ ایوان بالا کو اور زیادہ بااختیار بنایا جائے تاکہ ملک میں جمہوریت کی بنیادیں مزید مستحکم کرنے کی جانب قدم بڑھایا جا سکے۔ اراکین کی تجاویز کے ساتھ اتفاق کرتے ہوئے چیئرمین سینیٹ نے ممبران اور سٹاف کی استعداد کار بڑھانے کا عمل ترجیحات میں شامل کیا ہے اور اس کےلئے مختلف اقدامات زیرغور ہیں۔