چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر پیغام

57

اسلام آباد۔29اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ امن، محبت ، عدل وانصاف، بقائے باہمی، صلہ رحمی،صبر و برداشت کی بہتر ین مثال حضور ﷺ کا اسوہ حسنہ ہے اور ان کی تعلیمات پر عمل کرکے ہم ایک خوشحال معاشرے کا قیام عمل میں لا سکتے ہیں۔ عید میلادالنبی ﷺ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے جہالت کے اندھیروں کو ختم کیا اور امن، محبت اور صلہ رحمی کا پیغام عام کیا اور ایک ایسے نظام کی بنیاد رکھی جس میں برابری اور مساوات ، عدل وانصاف کا بول بالا ہوا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نبی ﷺ کا امتی ہونا ہمارے لئے اللہ تعالی کا احسان عظیم ہےجس کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔