چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا پانی کے عالمی دن کے موقع پر پیغام

94

اسلام آباد ۔ 22 مارچ (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پانی قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے، اس کی قدر کرنا ہمارا فرض ہے، صاف پانی کی فراہمی ایک اہم عالمی چیلنج ہے، آبی آلودگی پائیدار ترقی کے راستے میں ایک بڑی رکاوٹ ہے، صاف پانی ایک بنیادی انسانی حق ہے۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے جمعہ کو پانی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پانی قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے، اس کی قدر کرنا ہمارا فرض ہے، صاف پانی کی فراہمی ایک اہم عالمی چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبی آلودگی پائیدار ترقی کے راستے میں ایک بڑی رکاوٹ ہے، صاف پانی ایک بنیادی انسانی حق ہے۔ پائیدار ترقی کے اہداف میں صاف پانی کی فراہمی بھی ایک اہم ہدف ہے تاہم اس پر ہم بہت پیچھے ہیں۔اس ہدف کے حصول کے لیے مربوط حکمت عملی کے ذریعے مل کر کوششیں کرنے ضرورت ہے۔ عالمی سطح پر حکومتوں کو مل جل کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانا ہو گا۔ آبی وسائل کی ترقی کیلئے ایوان بالاءوفاق اور صوبائی اکائیوں کو موثر پالیسی سازی میں معاونت فراہم کر رہا ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ سینیٹ کی آبی وسائل کے حوالے سے قائمہ کمیٹی متعلقہ شعبوں کے تعاون سے جامع حکمت عملی مرتب کرنے میں پیش پیش ہے۔ پانی کی کمی کے علاقوں میں آبی وسائل کے فروغ کیلئے نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ پینے کے پانی کے حوالے سے مرتب کی گئی پالیسوں اور قانون سازی پر عملدرآمد ضروری ہے۔