اسلام آباد۔6جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں طوفانی بارشوں کے باعث قیمتی جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے جاں بحق ہونے والوں کے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے آفت زدہ علاقوں خصوصاً کوئٹہ اور گردو نواح میں لوگوں کو فوری ریلیف مہیا کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ فوری طور پر متاثرین کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے۔ قائم مقام چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، سینیٹ میں قائد ایوان اعظم نذیر تارڑ اور سینیٹ میں قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی کوئٹہ میں طوفانی بارشوں کے باعث قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔