اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں سیکورٹی فورسز پر دہشت گردوں کی جانب سے کی گئی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوج اور سیکیورٹی اداروں کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قربانیاں بے مثال ہیں۔پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے لانس نائیک عمر علی خان اور سپاہی محمد سراج الدین کی بلندی درجات کے لیے دعا کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر مرزامحمد آفریدی نے بھی سیکورٹی فورسز پر دہشتگرد وں کی جانب سے فائرنگ کی شدید مذمت کی اور شہداء کے لئے بلند درجات کی دعا کی۔