چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی زیر صدارت ملک میں فٹ بال کے کھیل کے فروغ کےلئے تشکیل کردہ خصوصی کمیٹی کا اجلاس

109
چیئرمین سینیٹ کا باقاعدہ سیاسی رابطوں کا آغاز،پارلیمان ہی سیاسی مسائل کے حل کے لیے موزوں فورم ہے، محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد ۔ 20 مارچ (اے پی پی) ملک میں فٹ بال کے کھیل کے فروغ کےلئے اقدامات تجویز کرنے کے حوالے سے تشکیل دی گئی خصوصی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی سربراہی میں بدھ کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں منعقد ہوا۔ کمیٹی ملک میں فٹ بال کے فروغ کےلئے قابل عمل تجاویز مرتب کرنے، جاری کوششوں کو مزید مربوط بنانے اور اس کھیل سے متعلق صلاحیتوں کو سامنے لانے میں کردار ادا کرے گی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں فٹ بال کے متعلق بے پناہ صلاحیت موجود ہے تاہم ملک میں اس کھیل کے لئے بنیادی ڈھانچہ نہ ہونے اور دیگر مسائل کے باعث نوجوانوں کی صلاحیتوں کو سامنے نہیں لایا جا سکا۔ چیئر مین سینیٹ نے ہمیشہ فٹ بال کے فروغ کےلئے گہری دلچسپی لی ہے اور اس کھیل کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں یہی وجہ ہے کہ انہوں نے فٹ بال کے فروغ کےلئے نہ صرف یہ خصوصی کمیٹی تشکیل دی بلکہ نجی شعبوں کی 50 سرکردہ کمپنیوں کے سربراہوں کو اس حوالے سے خط بھی لکھا ہے کہ وہ فٹ بال کے فروغ کےلئے اپنا کردار ادا کریں اور جاری کوششوں میں بھر پور حصہ لیں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ ملک میں فٹ بال کے متعلق بے پناہ صلاحیتوں کے باوجود ایک بھی بین الاقوامی معیار کا اسٹیڈیم موجود نہیں ہے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ کمیٹی بنیادی ڈھانچہ کی ترقی، ٹیلنٹ کی تلاش اور اس کھیل سے وابستہ نوجوانوں کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کےلئے ٹھوس تجاویز دے گی۔ فٹ بال پاکستان میں مقبول کھیل ہے لیکن اس سے وابستہ کھلاڑیوں کی بھر پور حوصلہ افزائی اور سرپرستی ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے شہر وں کوئٹہ اور گوادر میں چینی حکومت کے تعاون سے 2 بین الاقوامی معیار کے اسٹیڈیم تعمیر کیے جائیں گے۔ کمیٹی فٹ بال کے فروغ کےلئے تمام متعلقہ شعبوں سے مشاورت کرے گی اور ایک قابل عمل لائحہ عمل مرتب کرے گی۔ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر سید شبلی فراز، سینیٹرز بیرسٹر محمد علی خان سیف، ڈاکٹر اسد اشرف، دلاور خان، مرزا محمد آفریدی ، احمد خان اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر اشفاق حسین شاہ شریک ہوئے۔