25.5 C
Islamabad
منگل, مئی 13, 2025
ہومقومی خبریںچیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی...

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے گفتگو

- Advertisement -

اسلام آباد ۔ 7 فروری (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے مختلف شعبوں میں سعودی سرمایہ کاری قابل تحسین ہے، بھاری سرمایہ کاری پاکستان پر سعودی قیادت اور سرمایہ کاروںکے اعتماد کا مظہر ہے، تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری دونوں ملکوںکے درمیان دیرینہ دوستانہ تعلقات کو مزید بلندیوں تک لے جانے میں معاون ثابت ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے متوقع دورہ سے دونوں ملکوں کے درمیان کثیر الجہتی اور ٹھوس بنیادوں پر قائم دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میںمدد ملے گی۔ محمد صادق سنجرانی نے اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ سعودی قیادت کے ساتھ سود مند گفتگو ہوئی ہے اور دونوں اطراف ہر سطح پر انتہائی قریبی تعلقات کو مزید استحکام دینے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں تاہم دونوں برادرانہ ممالک کے درمیان پارلیمانی تعلقات کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے۔ ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نے سعودی شوریٰ کونسل کے صدر ڈاکٹر عبداللہ محمد ابراہیم الشیخ کو دورہ پاکستان کی دعوت پر مبنی خط بھی سعودی سفیر کے حوالے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایوان بالاءمیں ایک مضبوط پاکستان سعودی عرب دوستی گروپ قائم ہے جس کا مقصد دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مربوط بنانا ہے۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ دونوں ممالک کے اہم بین الاقوامی معاملات پر خیالات میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے اور دونوں ملکوں میں مختلف بین الاقوامی فورمز جس میں ایشیائی پارلیمانی اسمبلی اوربین الپارلیمانی یونین شامل ہیں کی سطح پر یکساں موقف اختیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مشترکہ مقصد باہمی تعاون کے ذریعے علاقے کی خوشحالی اور ترقی ہے اور ہمیں امن کے قیام اور علاقائی ترقی کے ایجنڈے پر عملدارآمد کےلئے مشترکہ کوششیں کرنی چاہئیں۔ سعودی سفیر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات سے اتفاق کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان خطہ کا اہم ملک ہے اور دونوں ممالک کے مابین دیرینہ دوستانہ تعلقات ہر مشکل وقت اور آزمائش میں مستحکم رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=133397

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں