چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی قومی کرکٹ ٹیم کوٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی پرمبارکباد

47
چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے قومی کرکٹ ٹیم کوٹی20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں رسائی پرمبارکباد دی ہے۔

منگل کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو ٹی 20 ورلڈکپ کے میچوں میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، قومی کرکٹ ٹیم نے اپنے گروپ میں نامور ٹیموں کو شکست فاش دے کر سیمی فائنل تک رسائی یقینی بنائی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نے انڈیا،نیوزی لینڈاور افغانستان کے خلاف شاندار کارگردگی کا مظاہرہ کیا جو قابلِ تحسین ہے۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ قومی ٹیم جیت کے اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ورلڈ کپ کے تمام میچیز میں شاندار کھیل پیش کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم محنت اور بہتر حکمت عملی سے ورلڈکپ اپنے نام کرے گی، قومی ٹیم اور منیجمنٹ کو سیمی فائنل میں رسائی پر دلی مبارکباد دیتا ہوں۔