چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی وفد کے ہمراہ جے یو آئی (ف)کی قیادت سے ملاقات

106
چیئرمین سینیٹ سے میر چنگیز خان جمالی کی ملاقات

اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے وفد کے ہمراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور جے یو آئی (ف)کی قیادت سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔وفد میں بلوچستان عوامی پارٹی کے رہنما خالد مگسی ، پرنس احمد عمر احمدزئی اور دیگر بھی شامل تھے۔ہفتہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران چیئرمین سینیٹ نےباجوڑ دھماکے میں ہونے والے جانی نقصان پر تعزیت کی۔چیئرمین سینیٹ نے باجوڑ دھماکے کے نتیجے میں شہداکے بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا کی۔

چیئرمین سینیٹ نے باجوڑ دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے لئے فاتحہ خوانی کی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے،باجوڑ حملے کے ذمہ داران کو جلد کیفرکردار تک پہنچایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ ایسے بزدلانہ حملے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔چیئرمین سینیٹ نے کچھ وقت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے ساتھ گزارا۔مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین سینیٹ اور وفد کا اپنے اور جماعت کی طرف سے شکریہ ادا کیا ۔