چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی پسنی اورماڑہ کے درمیان سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی مذمت

116
چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد۔3نومبر (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے پسنی اورماڑہ کے درمیان سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو پاکستان کا امن تباہ کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، پوری قوم کو اپنی سکیورٹی فورسز پر فخر ہے ، ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ سینٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینٹ نے حملے میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج عقیدت اور خاندانوں سے افسوس و تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی سازش ہیں، دہشت گردوں کو پاکستان کا امن تباہ کرنے میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گرد ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیوں دی ہیں ، خطے کے امن کی بقا ء کے لئے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم کو اپنی سکیورٹی فورسز پر فخر ہے ، ،پوری قوم سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لئے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ آواز اٹھاتا رہے گا، ایسے بزدلانہ حملے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو سبوتاژ نہیں کرسکتے۔

دریں اثناء ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، قائد ایوان سینیٹ سینیٹر محمد اسحاق ڈاراور قائد حزب اختلاف سینیٹ سینیٹر ڈاکٹر شہزاد وسیم نے بھی پسنی اور ماڑہ کے درمیان سکیورٹی فورسز پر حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد پوری انسانیت کے دشمن ہیں،پاکستان دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔