اسلام آباد۔7جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ملک بھر میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔پیر کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع اور املاک کو پہنچنے والے نقصانات پر انتہائی دکھ اور افسوس ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پوری قوم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے حکومت، صوبائی انتظامیہ، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن تیز کیے جائیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری امداد اور ضروری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین کی بحالی اور نقصانات کے ازالے کے لیے بھی مؤثر اور جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔
چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جامع حکمت عملی ترتیب دے کر ایسے سانحات سے بچاؤ اور بروقت اقدامات کو یقینی بنائیں۔چیئرمین سینیٹ نے قوم سے اپیل کی کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے متاثرہ بھائیوں اور بہنوں کی ہر ممکن مدد کے لیے آگے آئیں اور امدادی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔سید یوسف رضا گیلانی نے دعا کی کہ اللہ رب العزت جاں بحق افراد کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ حوصلے اور صبر سے برداشت کرنے کی توفیق فرمائے۔