اسلام آباد۔8اپریل (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے سینئر سیاستدان، دانشور اور ممتاز رہنما سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ منگل کو اپنے تعزیتی بیان میں انہوں نے مرحوم کو پاکستان کی سیاست کا درخشاں باب قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاج حیدر کی ملک، جمہوریت اور عوامی حقوق کے لیے طویل جدوجہد ناقابلِ فراموش ہے۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سینیٹر تاج حیدر نہ صرف ایک بااصول اور نظریاتی سیاستدان تھے بلکہ وہ فکری رہنمائی، اصول پسندی اور عوامی خدمت کا استعارہ تھے۔
ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ ان کا انتقال ملک کے لیے ایک بڑا نقصان ہے۔انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنی جوارِ رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ قائمقام چیئرمین سینیٹ سینیٹر سیدال خان نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قومی خدمات کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ تاج حیدر ہمیشہ اصولی سیاست کے علمبردار رہے۔قائد ایوان سینیٹ، سینیٹر اسحاق ڈار نے مرحوم کے انتقال کو ایک قومی سانحہ قرار دیا اور کہا کہ تاج حیدر کی دانشمندی اور سیاسی فہم و فراست ہمیشہ رہنمائی کرتی رہے گی۔قائد حزب اختلاف سینیٹ، سینیٹر سید شبلی فراز نے بھی سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک باوقار اور سلجھے ہوئے سیاستدان تھے جن کی کمی ہمیشہ محسوس کی جائے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579720