چیئرمین سینیٹ کی سربراہی میں وفد سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے واپس پہنچ گیا

127
چیئرمین سینیٹ کا باقاعدہ سیاسی رابطوں کا آغاز،پارلیمان ہی سیاسی مسائل کے حل کے لیے موزوں فورم ہے، محمد صادق سنجرانی

اسلام آباد ۔ 23 دسمبر(اے پی پی)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی سربراہی میں سینیٹ کا وفد سعودی عرب کا دورہ مکمل کر کے پاکستان واپس پہنچ گیا۔ اس دورے کی دعوت سعودی عرب کی شوریٰ کونسل کے چیرمین نے دی تھی۔ وفد کو نا ئب سپیکر ڈاکٹر سعد الہریکی نے الوداع کیا۔اس موقع پر پاکستان کے کونسل جنرل شہریار اکبر خان ، سفارتخانے کے اعلیٰ حکام ، سعودی پروٹوکول سٹاف ، اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ چیرمین سینیٹ نے مہمان نوازی پر سعودی حکومت اور خاص طور پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین موجودہ اقتصادی تعلقات کو مزید موثر بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات وقت کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب دوستی اور بھائی چارے کے مضبوط رشتوں میں منسلک ہیں اورہمیں صدیوں پر محیط تاریخی، ثقافتی اور مذہبی روابط نے آپس میں اکٹھا کیا ہو ا ہے اور یہ تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو نگے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوامی سطح پر روابط کے استحکام اور آپس کے تعاون کے فروغ کیلئے ضروری ہے کہ وفود کے تبادلوں میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے بہتر انداز میں مستفید ہوا جاسکے۔ صادق سنجرانی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور امن کے ذریعہ ہی پائیدار ترقی کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جا سکتا ہے۔ وفد نے اس دورے کے دوران اہم ملاقاتیں کیں جس پر چیرمین سینٹ کہا کہ اعلیٰ سطح پر ہونیوالی ملاقاتوں سے دو طرفہ روابط کو مزید فروغ دینے میں مدد ملے گی۔