اسلام آباد ۔ 29 مئی (اے پی پی) پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی(پیمرا) نے مختلف میڈیا ہاﺅسز کی انتظامیہ ،شراکت داروں کی تبدیلی اور سیٹلائٹ لائسنس نیلامی میں کامیاب بولی دہندگان کے لئے زرِ بیعانہ جمع کروانے کی مدت میں تین ہفتے کی توسیع کر دی ہے۔بدھ کو پیمرااتھارٹی کا 150واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت چیئرمین پیمرامحمد سلیم بیگ نے کی ۔اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات و نشریات شفقت جلیل، ممبر خیبرپختونخواہ شاہین حبیب اﷲ، ممبر پنجاب نرگس ناصر، ممبر سندھ سرفراز خان جتوئی اور ایگزیکٹو ممبر پیمرا اشفاق جمانی نے شرکت کی۔اجلاس میں 2اور 3مئی2019ءکو پیمرا ہیڈکورٹرز میں ہونے والی سیٹلائٹ ٹی وی چینلز کی بولی کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔بتایا گیا کہ پیمرا نے 25دسمبر2019ءکو شائع کئے گئے اشتہار جسکی تاریخ 6فروری 2019ءتک بڑھائی گئی تھی کے ذریعے سات کیٹیگریز میں70) (سیٹلائٹ ٹی وی چینلز لائسنسز کی پیشکش کی تھی جن میں نیوز اینڈ کرنٹ افیئرزکے آٹھ ، انٹرٹینمنٹ کے ستائیس، سپورٹس کے پانچ، ایگریکلچر کے دو، علاقائی زبانوں کے بارہ، ہیلتھ کے چار اور ایجوکیشن کے بارہ لائسنسزشامل تھے۔بولی کے تحت اٹھاون سیٹلائٹ ٹی وی چینلز لائسنسزشفاف اور منصفانہ بولی کے ذریعے جاری کئے گئے ۔ ضابطے کے تحت کامیاب بولی دہندگان کو15دن کے اندر زرِ بیعانہ جمع کرانا ہو تا ہے۔ اب تک پچاس کمپنیوں نے زرِ بیعانہ جمع کروا دیاہے تاہم اتھارٹی نے بقیہ کمپنیوں کیلئے 15فیصد زرِ بیعانہ جمع کروانے کی معیاد میں تین ہفتے کی توسیع کر دی ہے۔اتھارٹی نے میسرز بز براڈکاسٹنگ (پرائیویٹ) لمٹیڈ، اسلام آباد اور میسرز میڈیاا لائنس (پرائیویٹ)لمٹیڈ، لاہور کے ایف ایم ریڈیو کی مینجمنٹ /شیئرہولڈرز میں تبدیلی کی درخواست کوبھی منظور کر لیا ۔