اسلام آباد ۔ 28 جنوری (اے پی پی) چیئرمین نیب قمرزمان چوہدری نے نیب کے تربیت و تحقیق ڈویژن کو ملائشین انسداد بدعنوانی اکیڈمی کی طرز پر پاکستان میں نیب کی اپنی انسداد بدعنوانی اکیڈمی کے قیام کے حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاہے کہ نیب اپنے آفیسران اور سٹاف کی تربیت کو اولین ترجیح دے رہاہے ، راولپنڈی میں جدید ڈیجیٹل فرانزک لیبارٹری قائم کی جارہی ہے ۔ ہفتہ کو چیرمین نیب قمرزمان چوہدری کی صدارت میں نیب ہیڈ کوارٹر میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میںنیب کے انوسٹی گیشن آفیسران اور پراسیکیوٹرز کے لئے منعقد کئے جانے والے تربیت ، استعداد کار میں اضافہ اور ریفرشر کورسز کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ قومی احتساب بیورو اپنی تربیتی اکیڈمی کے قیام کا ارادہ رکھتی ہے، نیب اپنے آفیسران اور سٹاف کی تربیت کو اولین ترجیح دیتا ہے، یہ تربیتی عمل ان کی کارکردگی کو موثر بنانے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے،نیب کی جانب سے انوسٹی گیشن آفیسران کے لئے معیاری نصاب، حسابات سے متعلقہ امور پر استعداد کار میں اضافہ اور ریفریشر، عمومی مالیاتی قواعد، ڈیجیٹل فرانزک کوئسچن ڈاکومنٹس اور فنگر پرینٹس تجزیہ میں یکسانیت اور معیار کو یقینی بنانے پر خصوصی توجہ مرکوز کی جا رہی ہے۔