اسلام آباد ۔ 3 اکتوبر (اے پی پی) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ تاجروں کے ٹیکس کے حوالے سے مقدمات ایف بی آر کو بھیجیں گے، غریبوں کے خون پسینے کی کمائی کے اربوں روپے لوٹ کر بیرون ملک بھاگ جانے والوں کو نیب کسی صورت نہیں چھوڑیں گے، سپریم کورٹ نے منی لانڈرنگ کے کئی مقدمات نیب کو بھیجے ہیں، ریفرنس مکمل تحقیقات اور انکوائری کے بعد دائر کئے جاتے ہیں، پاناما سکینڈل کے حوالے سے دیگر کیسز بھی چل رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت میں تاجر برادری اور صنعتکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ نیب اقدامات سے تاجر برادری پریشان ہے، نیب کے کسی اقدام سے تاجر برادری کیلئے مشکلات پیدا نہیں ہوئیں اور نہ ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ جن کے پاس 1980ء میں کچھ نہیں تھا لیکن آج وہ دبئی میں پلازوں کے مالک ہیں، ان کے پاس یہ رقم کہاں سے آئی۔ انہوں نے کہا کہ نیب مقدمات کی تفتیش کے دوران کسی کی عزت نفس کو مجروح نہیں کرتا، عزت و احترام اور وقار سے انہیں نیب میں طلب کیا جاتا ہے، میں نے جج کی حیثیت سے ہمیشہ لوگوں کے دکھوں کا مداوا کیا ہے اور اب بھی لوگوں کے دکھوں کے مداوا کی کوشش کر رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ نیب میں مقدمات کو شروع اور ختم کرنے سے پہلے ان کے قانونی پہلوئوں پر غور کیا جاتا ہے۔