چیئرمین واپڈا انجینئرلیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی کا کچھی کینال توسیعی منصوبے کا دورہ

171

اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):صوبہ بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں زیر تعمیر کچھی کینال توسیعی منصوبہ اگلے ایک دو ماہ میں مکمل ہو جائے گا، اِس منصوبے کی بدولت 30 ہزار ایکڑ مزید اراضی زیر کاشت آئے گی، توسیعی منصوبہ مکمل ہونے سے کچھی کینال کے پہلے مرحلے (فیز۔1) کا کمانڈ ایریا72 ہزار ایکڑ سے بڑھ کر ایک لاکھ دو ہزار ایکڑ ہو جائے گا۔یہ بات بدھ کو چیئرمین واپڈا انجینئرلیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی کوکچھی کینال توسیعی منصوبے کے دورے کے موقع پر ایک بریفنگ کے دوران بتائی گئی۔

جنرل منیجر (سنٹرل) واٹر سید علی اختر شاہ، پراجیکٹ کنسلٹنٹس اور کنٹریکٹرز کے نمائندوں نے چیئرمین واپڈا کو بتایا کہ کچھی کینال توسیعی منصوبہ کے تحت 40کلو میٹر طویل مرکزی پختہ نہر، متعلقہ سٹرکچرزاور 30 کلو میٹر طویل واٹر ڈسٹری بیوشن سسٹم پر تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔ چند ایک سائٹس پر تعمیراتی کام جاری ہے، جسے جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ چیئرمین واپڈا نے مرکزی نہر، سٹرکچرز اور ڈسٹری بیوشن سسٹم کا تفصیلی دورہ کیا۔ اِس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اُنہوں نے کہا کہ کچھی کینال بلوچستان کے لئے بہت اہم ہے۔ اِس منصوبے کی وجہ سے بلوچستان کے دور دراز اور پسماندہ علاقوں میں آبپاش زراعت اور زرعی صنعت کی ترقی سے غربت کے خاتمے میں مددمل رہی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ توسیعی منصوبے کے کمانڈ ایریا کی ڈویلپمنٹ بھی مساوی اہمیت کی حامل ہے۔ اُنہو ں نے اُمید ظاہر کی کہ حکومت بلوچستان توسیعی منصوبے کے لئے کمانڈ ایریا ڈویلپمنٹ کو کسی تاخیر کے بغیر مکمل کرے گی تاکہ اِس منصوبے کے فوائد پوری طرح حاصل کئے جاسکیں۔چیئرمین واپڈا کو 2017ء میں مکمل کئے گئے کچھی کینال منصوبے کے بحالی پلان کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ 2017 ء میں پہلے مرحلے کے تحت مکمل کی گئی 363کلو میٹر طویل کچھی کینال کو گزشتہ برس کے تباہ کن سیلاب کے باعث بعض جگہوں پر نقصان پہنچا تھا۔

چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بحالی کے لئے درکار فنڈز ملتے ہی اِس بات کو یقینی بنایا جائے کہ نہر کے متاثرہ حصے میں پانی کی کم از کم وقت میں فراہمی ممکن ہوسکے۔چیئرمین واپڈا نے نائے گاج ڈیم پراجیکٹ کا بھی دور کیا اور مین ڈیم، سپل وے، حفاظتی بند اور اِن ٹیک سٹرکچر سمیت منصوبے کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔

پراجیکٹ ڈائریکٹراعجاز میمن نے اُنہیں منصوبے پر پیشرفت بارے بریفنگ دی۔ چیئرمین واپڈا نے پراجیکٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ تعمیراتی سرگرمیوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کے لئے متبادل پلان تیار کریں تاکہ گزشتہ سال کے سیلاب اور دیگر وجوہات کی بنا پر منصوبے میں ممکنہ تاخیر کو کم کیا جاسکے۔ یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ سال سیلاب سے پہلے تک منصوبے کی تکمیل 2024ء میں شیڈول تھی۔ نائے گاج ڈیم صوبہ سندھ کے ضلع دادو میں گاج دریا پر تعمیر کیا جارہا ہے۔ منصوبہ کی بدولت 3 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا اور 28 ہزار ایکڑ اراضی سیراب ہوگی اور 4.2 میگاواٹ بجلی بھی پیدا ہوگی۔