چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی سے ورلڈ بنک کے وفد کی ملاقات،ورلڈ بنک اور واپڈا کے باہمی اشتراک میں مزید اضافہ ہوگا،چیئرمین واپڈا

113
Chairman WAPDA

لاہور۔11اکتوبر (اے پی پی):چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی سے ورلڈ بنک کے چار رکنی وفد نے بدھ کے روز یہاں لاہور میں ملاقات کی۔وفد کی سربراہی سائوتھ ایشیا ریجن میں ورلڈ بنک کے پریکٹس منیجر برائے توانائی سائمن سٹولپ کر رہے تھے،ممبر(فنانس) (واپڈا) نوید اصغر چوہدری، ممبر(واٹر) واپڈا جاوید اختر لطیف اور ممبر(پاور) واپڈا جمیل اختر بھی اِس موقع پر موجود تھے۔وفد کو ورلڈ بنک کی مالی معاونت سے زیر تعمیر واپڈا منصوبوں بشمول داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، تربیلا کا پانچواں توسیعی منصوبہ اور تربیلا فلوٹنگ سولر پینل پراجیکٹ پر پیش رفت بارے بریف کیا گیا۔

ورلڈ بنک کی معاونت سے مکمل ہونے والے تربیلا کے چوتھے توسیعی منصوبے کے آپریشن اور کارکردگی سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں اِس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ تربیلا کا چوتھے توسیعی منصوبہ نے تکمیل سے اب تک جتنی بجلی پیدا کی ہے اِس کی مالیت منصوبے کی ابتدائی کیپیٹل کاسٹ سے بھی زیادہ ہے۔

وفد کو پن بجلی کے شعبہ میں واپڈا کے آئندہ منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا اور ان منصوبوں پر بھی ورلڈ بنک کی مالی معاونت کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے کہا کہ واپڈا منصوبوں کے ذریعے پاکستان میں کم لاگت اور ماحول دوست پن بجلی کے فروغ میں ورلڈ بنک کی خدمات قابل قدر ہیں۔