چیئرمین پاکستان ہلال احمرسوسائٹی سردار شاہد احمد لغاری کی امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات

158

اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):پاکستان ہلال احمرسوسائٹی (پی آر سی ایس) کے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات کی۔ پی آر سی ایس کے ترجمان کے مطابق بدھ کو ہونے والی اس ملاقات کا مقصد انسانی امداد میں پی آر سی ایس اور امریکہ کے درمیان تعاون کی راہیں تلاش کرنا ہے۔ اس موقع پر یو ایس ایڈ پاکستان کے سینئر ایڈوائزر جیمز فلیمنگ اور سیکرٹری جنرل پی آر سی ایس محمد عبید اللہ خان بھی موجود تھے۔

چیئرمین لغاری نے آفات اور ہنگامی حالات کے دوران امریکہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پی آر سی ایس کی امدادی کوششوں میں امریکہ کے اہم کردار پر زور دیا۔ انہوں نے حالیہ برسوں میں پاکستان کے تباہ کن زلزلے اور سیلاب سمیت مختلف آفات سے نمٹنے میں امریکہ کے اہم کردار کو اجاگر کیا۔ چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری نے سفیر ڈونلڈ بلوم کے ساتھ تعاون کے ممکنہ شعبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جہاں امریکہ پی آر سی ایس کے انسانی بنیادوں پر اقدامات کی حمایت کرسکتا ہے۔ انہوں نے امریکی سفیر کو امریکی ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو جے شوفر کے ساتھ اپنی گزشتہ ملاقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا جس نے آج کے تبادلہ خیال کی بنیاد رکھی۔ چیئرمین پی آر سی ایس نے تنظیم کے اہم پروگراموں اور اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی اور پاکستان بھر میں پسماندہ طبقات کی مدد کے لئے ان کے جاری کام کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاکستان میں مون سون 2022 کے تباہ کن سیلاب کے بعد بحالی کے مرحلے میں امریکہ کی جانب سے مسلسل عزم کا اظہار کیا۔ سردار شاہد احمد لغاری نے ان اہم شعبوں کا بھی ذکر کیا جہاں امریکہ کی مدد سے پی آر سی ایس کی انسانی ہمدردی کی کوششوں کو نمایاں طور پر تقویت مل سکتی ہے جن میں صحت کی دیکھ بھال، پانی کی صفائی و حفظان صحت، ذرائع معاش کے شعبہ میں مدد کے ذریعے خواتین کو بااختیار بنانا، زچہ و بچہ کی صحت کے اقدامات اور صلاحیت سازی اور کمیونٹی ویلفیئر منصوبوں کے لئے جدت طرازی، ٹیکنالوجی، آب و ہوا کی تبدیلی اور تحقیق کا فائدہ اٹھانا شامل ہے۔

چیئرمین پی آر سی ایس نے یو ایس ایڈ اور امریکہ میں مقیم پاکستانی تارکین وطن اور امریکن ریڈ کراس کے ذریعے پی آر سی ایس کے لئے انسانی ہمدردی کے پروگرام کی فنڈنگ میں اضافے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ٹھٹھہ، بدین، سجاول اور کراچی کے اضلاع میں جاری پی آر سی ایس لوکل لیڈ ایڈاپٹیشن منصوبے کے لئے یو ایس ایڈ کے تعاون کا بھی اعتراف کیا۔ اس کے جواب میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے چیئرمین سردار شاہد احمد لغاری کی قیادت میں پی آر سی ایس کی انسانی ہمدردی کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے سیلاب اور دیگر آفات کے دوران پی آر سی ایس کی مثالی انسانی خدمات کو بھی سراہا اور پاکستان میں پسماندہ طبقات کے مصائب کو کم کرنے کے لئے قومی اور بین الاقوامی انسانی کرداروں کے ساتھ تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کے درمیان مذاکرات مستقبل میں بھی جاری رہنے چاہئیں۔ اس موقع پر چیئرمین لغاری نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو پی آر سی ایس کریسنٹ میگزین کے ساتھ یادگاری تحا ئف بھی دیئے اور اس موقع کی یاد میں ایک کتاب بھی پیش کی۔ انہوں نے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کو اسلام آباد میں پی آر سی ایس نیشنل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔