اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):چیئرمین پرائم منسڑز یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان نوجوانوں کے درمیان تعاون اور باہمی حمایت کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو درپیش چیلنجز، خاص طور پر تعلیم، مہارتوں کی ترقی اور ثقافتی تبادلوں کے لیے سرحد پار شراکت داری ضروری ہے۔ وزیراعظم آفس یوتھ افیرز ونگ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق چیئرمین پرائم منسڑز یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کرغزستان کے وزیر برائے ثقافت، اطلاعات، کھیل اور یوتھ پالیسی، التینبیک مقصودوف کو سی اے وائی اے یوتھ سمٹ2025 میں دعوت نامہ کیلئے ٹیلیفونک کال کی ۔
رانا مشہود احمد خاں نے کرغزستان کے وزیر سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں دولت مشترکہ ایشیا یوتھ الائنس (سی اے وائی اے) یوتھ سمٹ میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی جو 26 سے 30 جنوری 2025 تک اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔اس سمٹ میں کامن ویلتھ ایشیاء یوتھ الائنس کا سیکریٹریٹ باقاعدہ کام کا آغاز کرے گا۔ اپنی گفتگو کے دوران انہوں نے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان نوجوانوں کے درمیان تعاون اور باہمی حمایت کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔
چیئرمین رانا مشہود نے نوجوانوں کو درپیش چیلنجز، خاص طور پر تعلیم، مہارتوں کی ترقی اور ثقافتی تبادلوں کے شعبہ میں سرحد پار شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کرغز حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا کہ حالیہ واقعے ،جس میں کرغز یونیورسٹی میں پاکستانی طلبا شامل تھے، کرغز حکومت کی فوری اور ہمدردانہ مدد فراہمی کو انہوں نے تسلیم کیا کہ اس اقدام سے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کا ثبوت ملتا ہے۔ کرغزستان کے وزیر نے خطے کے نوجوانوں کو شامل کرنے کے لیے پاکستان کی کوششوں خصوصاً سی اے وائی اے یوتھ سمٹ جیسے اقدامات کو سراہا اور دولت مشترکہ ایشیا کے خطے میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے اپنی حمایت کا یقین دلایا۔
واضح رہے کہ سی اے وائی اے یوتھ سمٹ 2025 خطے بھر سے نوجوان رہنماؤں، پالیسی سازوں اور دیگر شراکت داروں کو جمع کرے گا تاکہ عالمی چیلنجز، جیسے ماحولیاتی مسائل ، ڈیجیٹل تبدیلی اور سماجی و اقتصادی شمولیت کے لیے جدت پسندانہ حل تلاش کیے جا سکیں۔ یہ سمٹ پاکستان اور کرغزستان کے نوجوانوں کو ایک پائیدار اور خوشحال مستقبل کے لیے بااختیار بنانے کے مشترکہ عزم کو مزید آگے بڑھائے گا۔