اسلام آباد۔17مئی (اے پی پی):پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) نے گیس میٹرز کا پانچ سو روپے کرایہ وصول نہ کرنے اور نئے گیس کنکشنز پر پابندی ہٹانے کی سفارش کی ہے، کمیٹی نے صدر، وزیراعظم اور چیف جسٹس سمیت اہم سرکاری شخصیات کی مراعات کی تفصیل (آج )جمعرات کو طلب کر لیں۔نور عالم خان کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں بدھ کو ہوا جس میں پٹرولیم ڈویژن کے 22۔2021 آڈٹ پیراز کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین پی اے سی نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ وزارت خارجہ کے مطابق ایران پاکستان گیس پائپ لائن پر امریکی سفیر کی وطن واپسی پر بات ہو گی۔آڈٹ حکام نے بتایا کہ پٹرولیم ڈویژن کو جی آئی ڈی سی کے کل 322 ارب روپے کے واجبات میں سے 208 ارب روپے مل چکے ہیں۔
نور عالم خان نے ہدایت کی کہ وزارت خزانہ سے 120 ارب روپے حاصل کرنے کیلئے خط لکھیں۔ کمیٹی نے پٹرولیم کمپنیوں سے 42 ارب روپے کی وصولیوں کے معاملہ کا بھی جائزہ لیا۔ چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ بائیکو اور ہیسکول نے عوام کے پیسے کھائے ہیں۔ ایف آئی اے حکام نے کمیٹی کو بتایا کہ ابھی تک 3.9 ارب روپے کی وصولی ہوئی ہے۔ باقی رقم کی ادائیگی کیلئے بات چیت جاری ہے۔ محض 3.9 ارب روپے کی وصولی پر چیئرمین پی اے سی نے برہمی کا اظہار کیا۔ نور عالم خان نے کہا کہ کسی وزیر یا اہم شخصیت کی سفارش نہیں چلے گی۔ پی اے سی نے رقم برآمد کرنے کا حکم دیا تھا مذاکرات کا نہیں۔ بائیکو اور ہیسکول کے ڈائریکٹرز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا کہا تھا۔سیکرٹری داخلہ سے پوچھیں کہ ان افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالا ہے یا نہیں۔
اس ایف آئی اے کے ڈائریکٹر کا نام بھی بتائیں جس نے بائیکو سے مذاکرات کیے۔ سیکرٹری پٹرولیم نے بتایا کہ بائیکو 57 ارب روپے کا ڈیفالٹر ہو چکا ہے۔ ہم نے ایف آئی اے اور تمام متعلقہ اداروں کو وصولیوں کے لیے کہا مگر عملدرآمد نہیں ہوسکا۔ چیئرمین پی اے سی نے ایف آئی اے کو بائیکو کے متعلقہ افسران کو گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی۔ چیئرمین پی اے سی نے سپریم کورٹ اور اعلیٰ عہدیداران کی مراعات کی تفصیل کل تک پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ نور عالم خان نے کہا کہ عوام کو بھی پتہ ہونا چاہئے کہ وزیر اعظم اور ایم این اے کی تنخواہ کتنی ہے۔ اینکر پرسنز کے اثاثے بھی چیک کرنے چاہئیں۔
پی اے سی نے گیس صارفین سے پانچ سو روپے میٹر چارچز لینے کا نوٹس لے لیا۔ سینیٹر احمد خان نے کہا کہ غریب لوگوں سے بھی پانچ سو روپے لیے جارہے ہیں۔ چیئرمین پی اے سی نے کہا کہ غریب لوگوں سے میٹر فیس لینے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ سیکرٹری پیٹرولیم نے بتایا کہ ایک کیوبیک ہیکٹا میٹر تک گیس استعمال کرنے والے صارفین سے کوئی فیس نہیں لے رہے۔ اس سے زیادہ گیس استعمال کرنے والے پانچ سو روپے ادا کررہے ہیں۔ پی اے سی نے پانچ سو روپے میٹر چارجز ختم کرنے کی ہدایت کردی۔
نور عالم خان نے استفسار کیا کہ نئے ڈومیسٹک کنکشنز پر سے پابندی کیوں نہیں ہٹا رہے۔ سیکرٹری پیٹرولیم نے بتایا کہ کابینہ نے کہا ہے کہ پابندی رہے گی۔ کمیٹی نے گھریلو صارفین کےلئےگیس کے نئے کنکشنز پرعائد پابندی ہٹانے کی سفارش کر دی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=363805