واشنگٹن۔28جنوری (اے پی پی):چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) محسن نقوی نے یو ایس اے کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر جوناتھن اٹکیسن سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور امریکہ کے درمیان کرکٹ سیریز کرانے پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ پاکستان، امریکہ اور کینیڈا کے مابین ٹرائی سیریز کے امکانات پر بھی بات چیت کی گئی ۔ ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کی ویمنز ٹیمز کے درمیان ایک دوسرے کے ملکوں میں سیریز کرانے پر گفتگو بھی ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور امریکہ کی مینز اور ویمنز ٹیموں کے درمیان سیریز کرانے پر اتفاق کیا گیا اور اس ضمن میں دونوں ملکوں کے بورڈز کرکٹ سیریز کرانے کے پروگرام کو حتمی شکل دیں گے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے یو ایس اے کرکٹ کے سی ای او کو ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کروائی۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ امریکہ میں کرکٹ کے فروغ کیلئے پی سی بی بھرپور تعاون فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے امریکہ کے کوچز کو پاکستان میں تربیت دینے کی پیشکش کی ۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے یو ایس اے کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کے میچز دیکھنے کے لئے پاکستان آنے کی دعوت دی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کرکٹ کے فروغ کے بے پناہ مواقع ہیں۔یو ایس اے کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ کی دعوت پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر بھی اس موقع پرموجود تھے۔