پشاور۔ 24 اپریل (اے پی پی):بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی چیئرپرسن روبینہ خالد نے جمعرات کو اعظم پارک شیخ آباد ادائیگی کیمپ سائٹ کا دورہ کیا۔انہوں نے مستحق خواتین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا اور عملے کو ہدایت کی کہ بزرگ خواتین کے ساتھ احترام سے پیش آئیں اور ادائیگی مراکز میں صفائی کا خاص خیال رکھیں۔
روبینہ خالد نے مستحق خواتین پر زور دیا کہ وہ اپنی امدادی رقم پوری گن کر وصول کریں اور رسید لینا نہ بھولیں۔انہوں نے واضح کیا کہ سروے مکمل طور پر مفت ہے اور کسی بھی کٹوتی کی صورت میں وہ فوری طور پر بی آئی ایس پی ہیلپ لائن پر شکایت درج کرائیں۔بعد ازاں روبینہ خالد نے نو منتخب سیکرٹری جنرل پی پی پی محمد ہمایوں خان سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور انہیں ان کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔اس موقع پر اشبر جدون، شہناز شمشیر اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران صوبے میں تنظیمی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس سے قبل بی آئی ایس پی سے متعلق ایک اہم اجلاس پیپلز سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا ،جس میں پارٹی کے ضلعی عہدیداران نے شرکت کی۔روبینہ خالد نے پارٹی کارکنوں کی شکایات اور تجاویز کو غور سے سنا اور انہیں ان کے بروقت حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کارکنوں کو درپیش کئی مسائل اور مشکلات کے فوری حل کے لیے موقع پر ہی ہدایات جاری کیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=587276