چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد کی گورنر سٹیٹ بینک سے ملاقات، مستحقین کے اکائونٹ کھولنے پر تبادلہ خیال

118
چیئرپرسن بی آئی ایس پی روبینہ خالد کی گورنر سٹیٹ بینک سے ملاقات، مستحقین کے اکائونٹ کھولنے پر تبادلہ خیال

کراچی۔ 07 فروری (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے جمعہ کو گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔ملاقات میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تمام رجسٹرڈ مستحقین کے بینک اکاؤنٹس کھولے جانے کے فیصلے پر غور کیا گیا۔روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی مستحق خواتین کی رقم بینک اکاؤنٹس میں منتقلی کیلئے سنجیدہ ہے تاکہ خواتین کو رقم کی تقسیم صاف وشفاف طریقے سے یقینی بنائی جا سکے۔سٹیٹ بینک آف پاکستان کی مشاورت سے مستحق خواتین کو ان کی رقم بینک اکاؤنٹس میں منتقل کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جارہے ہیں جس کے تحت خواتین کو رقم کی حصولی میں آسانی ہوگی اور حق داروں کو ان کا حق شفاف اور باعزت طریقے سے مل سکے گا۔

چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہاکہ غریب مستحق خواتین کو سہولت کے ساتھ عزت سے پیسے دینے کیلئے انکے بہت جلد بینک کے اکاؤنٹ کھولیں جائیں گے ،اس سلسلے میں گونر سٹیٹ بینک آف پاکستان کے ساتھ مشاورتی اجلاس کیا گیا اور بینیفشریز کے اکاؤنٹ کھولنے کے متعلق مختلف پہلو پر بات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں نئے ادائیگی کے نظام کے تحت 6 بینکوں کے ذریعے بینظیر کفالت کی سہہ ماہی قسط کی تقسیم کی جاری ہے۔روبینہ خالد نے کہا کہ بی آئی ایس پی سٹیٹ بینک آف پاکستان کو تمام مستحق خواتین کا ڈیٹا فراہم کریگا جس کے بعد بینکس میں انکے اکاوئنٹ کھولیں جائیں گے جہاں سے خواتین اپنے پیسے جاکر وصول کریں گی۔

گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد کو خواتین کے بینک اکاؤنٹ کھلوانے کے عمل میں ہر ممکن مدد اور تعاون کا یقین دلایا۔