اسلام آباد۔22اکتوبر (اے پی پی):چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے منگل کو ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین سے بی آئی ایس پی ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے مابین مستقبل میں شراکت داری کو فروغ دینے کے حوالے سے مستحق گھرانوں کے افراد کی سکل ٹریننگ کیلئے موزوں شعبہ جات کی نشاندہی ، بین الاقوامی سرٹیفکیشنز کے حصول، بیرون ملک ملازمت کے مواقعوں کی فراہمی ،صوبائی سطح پر غربت سے باہر نکلنے کے پروگرامز سے ہم آہنگی اور مستحق خواتین کی آگاہی کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام 93 لاکھ مستحق گھرانوں کو مالی معاونت فراہم کررہا ہے، یہ تعداد سال کے اختتام تک1 کروڑ ہوجائے گی۔ ان گھرانوں کے افراد کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کیلئے بی آئی ایس پی سکل ٹریننگ پروگرام کا آغاز کر کررہا ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے مستحق افراد کی بیرون ملک ملازمت کے حصول کیلئے بین الاقومی معیار کے مطابق سرٹیفکیشنز کی اہمیت پر زور دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی سطح پر مختلف پاورٹی گریجویشن اور سکل ٹریننگ پروگرامز موجود ہیں جنہیں بی آئی ایس پی کیساتھ منسلک کرنے کی ضرورت ہے۔
کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحق گھرانوں کی بہتری کیلئے تعاون جاری رکھنے اور اس شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مکمل تعاون کی یقینی دہانی کرائی۔ دونوں فریقین کی جانب سے مستحق گھرانوں کے افراد کی سکل ٹریننگ کیلئے موزوں شعبہ جات کی نشاندہی اور مستحق خواتین کی آگاہی سمیت دیگر اہم امور پر عملدرآمد کیلئے جامع حکمت عملی کی تشکیل کیلئے مزید مشاورت پر رضامندی ظاہر کی گئی۔