چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کا کوئٹہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کے لئے کوئٹہ کا دورہ

261

اسلام آباد ۔ 8 اگست (اے پی پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کوئٹہ دھماکے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کے لئے کوئٹہ کا دورہ کیا‘چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ سے اظہار تعزیت کیا اور اعلی فوجی و سول حکام کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کے ٹوئیٹ کے مطابق پیر کو دھماکے کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف کوئٹہ پہنچ گئے۔آرمی چیف نے کوئٹہ کے دورہ کے دوران بلوچستان ہائیکورٹ کا دورہ بھی کیا ‘چیف جسٹس اور بلوچستان ہائیکورٹ کے دیگر جج صاحبان سے اظہار تعزیت کی۔بعد ازاں آرمی چیف نے سول ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں پر زخمی ہونے والوں سے اظہار یکجہتی کیا اور ہدایات دیں کہ شدید زخمی ہونے والوں کو سی ایم ایچ منتقل کیا جائے۔ آرمی چیف نے کوئٹہ میں اعلی فوجی و سول سکیورٹی حکام کے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔ دھماکے میں شدید زخمی دو افراد کو سی ایم ایچ کراچی کر دیا گیا جبکہ دیگر 20 سے زائد زخمیوں کو آرمی کے جہاز کے ذریعے ملک کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا جا رہا ہے۔