چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز میں کور کمانڈر کانفرنس، اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال اور فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

131
APP37-19 RAWALPINDI: September 19 – Chief of Army Staff General Raheel Sharif presiding over the crops commander’s conference at GHQ. APP

راولپنڈی ۔ 19 ستمبر (اے پی پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج بالواسطہ اور بلاواسطہ دھمکیوں کا جواب دینے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں کور کمانڈر کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ آئی ایس پی آر کے پریس ریلیز کے مطابق کانفرنس میں اندرونی و بیرونی سلامتی کی صورتحال اور فوج کی پیشہ ورانہ تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بھارت کی طرف سے دیئے جانے والے مخالفانہ بیانات پر توجہ دیتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ ہم خطے میں پیش آنے والے تازہ ترین واقعات اور پاکستان کی سلامتی پر اس کے اثرات سے پوری طرح آگاہ ہیں اور اس کو بغور دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے اپنی پرعزم قوم کے ساتھ مل کر ہر چیلنج کو عبور کیا ہے اور وہ مستقبل میں بھی پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری کے خلاف کسی قسم کے مذموم عزائم کو ناکام بنائے گی۔ آپریشن ضرب عضب کی مسلسل پیشرفت کو سراہتے ہوئے چیف آف آرمی سٹاف نے فوج‘ ایف سی‘ رینجرز اور پولیس کے افسروں و جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے ملک کے طول و عرض میں دہشت گردوں کے خلاف کامیابی سے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔