راولپنڈی۔9اپریل (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے بیورو آف ساؤتھ اینڈ سینٹرل ایشین افیئرز کے سینئر بیورو آفیشل ایرک میئر کی قیادت میں امریکہ کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے یہاں جنرل ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات پاکستان کے منرلز انویسٹمنٹ فورم کے پس منظر میں ہوئی۔ وفد نے اپنی نوعیت کے پہلے فورم کے انعقاد کو سراہتے ہوئے باہمی فائدہ مند شراکت داری کے ذریعے وسیع معدنی وسائل کو ترقی دینے کی پاکستان کی پالیسی پر اعتماد کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ایرک میئر نے امریکی انتظامیہ کی ترجیحات کا حوالہ دیا جن میں پاکستان کے ساتھ معدنی ترقی میں تعاون باہمی دلچسپی کا بنیادی شعبہ ہے۔ انہوں نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے منظر نامہ میں مسلسل بہتری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ملاقات نے دونوں فریقین کو عالمی صورتحال اور پاکستان کی علاقائی سلامتی کے تقاضوں کے بارے میں تبادلہ خیال کا موقع فراہم کیا۔
دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اعتماد کا اظہار کیا اور تعلقات کو جامع طور پر مضبوط بنانے کے لئے موجودہ حکومتی اور عوامی سطح پر تعاون کو بڑھانے کے علاوہ تجارتی روابط کے راستے تلاش کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=580015