چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کا نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ

76

راولپنڈی ۔ 26 مارچ (اے پی پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے منگل کو نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد کا دورہ کیا اور چوتھی پاک۔برطانیہ استحکام کانفرنس کے شرکاءسے خطاب کیا۔ آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق شرکاءسے تبادلہ خیال کرتے ہوئے آرمی چیف نے ملکی اندرونی و بیرونی سلامتی صورتحال اور پاکستان کے اندر اور خطہ میں پائیدار امن کے اپنے وژن پر توجہ مرکوز کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے جیو پولیٹیکل ماحول کے امکانات، سکیورٹی چیلنجز اور خطہ کی اقتصادی ترقی کے حوالہ سے پاک۔چین اقتصادی راہداری پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ ایک مستحکم اور پرامن پاکستان کے حصول کیلئے پرعزم ہیں۔ بعد ازاں کمانڈر یوکے فیلڈ آرمی لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک سینڈرز نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں چیف آف آرمی سٹاف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کے امور اور پیشہ وارانہ دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال ہوا۔ قبل ازیں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے صدر لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے آمد پر آرمی چیف کا خیرمقدم کیا۔