چیف آف آرمی سٹاف سے کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبی اور برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر کی ملاقات

114

راولپنڈی۔28فروری (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے چرچ آف انگلینڈ کے سربراہ، کینٹربری کے آرچ بشپ جسٹن ویلبی اور پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے پیر کو یہاں جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، مذہبی اور بین المذاہب ہم آہنگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف نے مسیحی برادری کے پاکستان کے قیام میں کردار اوراس کی ترقی کے لئے ان کی خدمات کو بھی سراہا۔ انہوں نے پاکستان بھر میں مسیحی برادری کے زیر انتظام تعلیم، صحت اور عوامی بہبود کے شعبوں میں مختلف اداروں کے کردار کی تعریف کی۔

آرمی چیف نے خاص طور پر پاکستان کی مسلح افواج کے حصے کے طور پر مادر وطن کے دفاع میں ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔ آرچ بشپ نے دہشت گردی سے نمٹنے اور ملک میں اقلیتوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے میں پاک فوج کی کوششوں کا اعتراف کیا۔ انہوں نے یہ عہد بھی کیا کہ مسیحی برادری عوامی فلاح و بہبود کے لیے دل و جان سے اپنا کردار جاری رکھے گی۔