چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اجلاس، انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے مختلف مراحل پر بریفنگ دی گئی

75
پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی انتخاب ،چیف الیکشن کمشنر کی پولنگ میں رکاوٹ ڈالنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):الیکشن کمیشن کا اجلاس چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں منعقد ہوا۔الیکشن کمیشن سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن و دیگر سینئر افسران نے شرکت کی،

صوبائی الیکشن کمشنر صاحبان نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے میٹنگ میں شرکت کی، اجلاس میں الیکشن کمیشن کو انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے مختلف مراحل پر بریفنگ دی گئی جس پر الیکشن کمیشن نےاب تک کے کام کی تکمیل کو تسلی بخش قراردیا۔

الیکشن کمیشن کو صوبوں میں جاری بلدیاتی انتخابا ت کے لئے حلقہ بندیوں کےحوالے سے صوبائی الیکشن کمشنر ز نے بریف کیا ۔ الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کی حلقہ بندی کی حتمی اشاعت 16 فروری 2022کو ہوگی ، صوبہ پنجاب میں 22 مارچ 2022 ، بلوچستان میں 10 مارچ 2022 جبکہ سندھ میں اس کام کی تکمیل 24 مارچ 2022کو ہوگی ۔

الیکشن کمیشن نے تمام صوبائی الیکشن کمشنروں کو صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے تمام امور کی تکمیل فوری یقینی بنانے کی ہدایت کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ الیکشن کمیشن بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لئے تیار ہے ۔

مزید ای وی ایم کے استعمال کی قانون سازی کے بعد اب تک الیکشن کمیشن کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات پر الیکشن کمیشن کو بریف کیا گیا ۔

الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ مذکورہ بالا مقصد کے لئے الیکشن کمیشن میں پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ قائم کر دیا گیا اور پراجیکٹ ڈائریکٹر اور پراجیکٹ مینجر کی تعیناتی بھی کر دی گئی ہے،الیکشن کمیشن نے اس سلسلے میں ہدایات دیں کہ اس پراجیکٹ سے متعلق تمام امور کو ترجیح دی جائے تاکہ اس سلسلے میں فوری پیش رفت کو یقینی بنایا جاسکے۔