اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ایک اہم اجلاس منگل کو چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبرز الیکشن کمیشن، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور چیئرمین نادرا، الیکشن کمیشن اور نادرا کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے ایجنڈے میں پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2019ئ، پنجاب ویلج پنچائیت و نیبر ہوڈ کونسل رولز 2020ءکے تناظر میں انتخابی فہرستوں کی تیاری، الیکشن ایکٹ 2017ءکی سیکشن 223 (3) کی روشنی میں حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت، ان پر اعتراضات اور آئندہ انتخابات کیلئے انتخابی فہرستوں کی دستیابی شامل تھے۔ الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ نادرا کے پاس جن 3 ملین افراد کا ڈیٹا موجود ہے اور وہ ووٹ درج کرانے کے اہل ہیں ان تمام افراد کے ووٹوں کے اندراج کو یقینی بنایا جائے تاکہ تمام اہل افراد الیکشن میں حصہ لے سکیں اور اپنا حق رائے دہی بھی استعمال کر سکیں۔ اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے اس بات کی منظوری دی ہے کہ اب انتخابی فہرستوں کی حتمی اشاعت 16 ستمبر 2020ءکی بجائے 4 اکتوبر 2020ءکو ہو گی۔ الیکشن کمیشن نے پنجاب گورنمنٹ کی طرف سے مختلف اربن علاقہ جات کی حدود میں تبدیلی اور مختلف دیہی علاقہ جات کی اربن حدود میں شمولیت کی وجہ سے حلقہ بندیوں کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی ہے تاکہ حلقہ بندیوں کی اشاعت کے وقت تمام مذکورہ علاقہ جات کو درست ویلج اور نیبر ہوڈ کونسل میں شامل کیا جا سکے اور انتخابی فہرستوں کو ان علاقہ جات کے مطابق ترتیب دیا جا سکے تاکہ آئندہ انتخابات میں ووٹروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ حلقہ بندیوں کی ابتدائی اشاعت 21 اگست 2020ءکی بجائے 18 ستمبر 2020ءکو ہو گی۔