اسلام آباد۔13فروری (اے پی پی):چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس پیر کویہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن کے علاوہ سیکرٹری الیکشن کمیشن اور الیکشن کمیشن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں لاہورہائیکورٹ کے فیصلہ 10فروری 2023کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پر عملدآمد پر غور کیا گیا ۔ الیکشن کمیشن نے معزز عدالت کے حکم کے مطابق گورنر پنجاب سے درخواست کی ہے کہ صوبہ میں جنرل انتخابا ت صوبائی اسمبلی پنجاب کی تاریخ سے متعلق مشاورت کے لئے (آج) منگل 14 فروری 2023 کو میٹنگ کے لئے مناسب وقت دیں۔
اس سلسلے میں ضروری مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے اور الیکشن کمیشن نے سیکرٹری الیکشن کمیشن کی سربراہی میں سپیشل سیکرٹری ا ور ڈائریکٹر جنرل (لاء) کو مقرر کیا ہےکہ وہ الیکشن کمیشن کی طرف سے گورنر سے مشاورت کریں اور الیکشن کمیشن کو بریف کریں تاکہ الیکشن کمیشن آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کرے ۔