چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کا نثار حویلی سے کربلا گامے شاہ کا دورہ ، منتظمین کے ہمراہ عاشورہ کے مرکزی جلوس کے روٹ کا جائزہ لیا

18

لاہور۔30جون (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کے چیف ایگزیکٹو انجینئر محمد رمضان بٹ نے محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عاشورہ کے مرکزی جلوس کے منتظمین کے ہمراہ نثار حویلی سے کربلا گامے شاہ تک جلوس کے روٹ کا جائزہ لیا اور موقع پر موجود حکام کو ہدایات دیں کہ تمام عملہ مجالس اور جلوسوں کے دوران دن رات متحرک رہے۔ عاشورہ کے مرکزی جلوس کے چیف آرگنائزر آغا شاہ حسین قزلباش کے ہمراہ روٹ کا جائزہ لیتے ہوئے سی ای او لیسکو نے کہا کہ یہ ہمارا قومی اور دینی فریضہ ہے کہ محرم الحرام کے دوران زائرین کو ہر ممکن سہولت اور تحفظ فراہم کیا جائے، لیسکو کا تمام سٹاف مکمل طور پر الرٹ ہے اور تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا کر محرم الحرام کے دوران بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

لیسکو نے مرکزی جلوسوں کے دوران کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی کنٹرول رومز قائم کیے ہیں جبکہ تمام فیلڈ ٹیموں کو الرٹ کرکے اضافی ٹرانسفارمرز اور ٹرالیوں سمیت ضروری سامان مہیا کر دیا ہے۔انجینئر محمد رمضان بٹ نے ضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ کنٹرول روم کے ذریعے بجلی سپلائی کی مانیٹرنگ 24 گھنٹے جاری رکھی جائے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اگر کسی جگہ بجلی سے متعلق کوئی مسئلہ درپیش ہو تو فوری طور پر لیسکو ہیلپ لائن 118 پر کال یا 8118 پر SMS کریں۔روٹ کے تفصیلی جائزے کے دوران ڈائریکٹر آپریشن اعجاز بھٹی، چیف انجینئر آپریشنز ندیم ملک، ایکسین داتا دربار،ایکسین میکلوڈ روڈ جلوس کے منتظمین نواب آغا مسعود قزلباش، سید ہاشم رضا اور خواجہ محسن عباس بھی چیف ایگزیکٹو لیسکو کے ہمراہ تھے۔