چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کا احیات آباد، پشاور میں ایس او ایس ولیج کا دورہ ، ترجمان سپریم

94
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کا احیات آباد، پشاور میں ایس او ایس ولیج کا دورہ ، ترجمان سپریم

اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے احیات آباد، پشاور میں ایس او ایس ولیج کا دورہ کیا ہے۔ سپریم کورٹ آف پاکستان کے افسر تعلقات عامہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے حیات آباد پشاور کے ایس او ایس گاؤں کا دورہ کیا ہے۔

جسٹس یحییٰ آفریدی کے مرحوم والد عمر خان آفریدی نے ساری زندگی ایس او ایس ویلیج کی سرپرستی کی۔ دورہ کے موقع پر چیف جسٹس کے ہمراہ ان کی اہلیہ بھی تھیں۔ ایس او ایس ویلیج پہنچنے پر ویلج کی ڈائریکٹر کوکب بتول قریشی نے چیف جسٹس کو بریفنگ دی۔ایس او ایس پشاور ایک خیراتی ادارہ ہے جسے نجی عطیات کے ذریعے فنڈ کیا جاتا ہے۔ اس میں فی الحال 25-26 سال تک کی عمر کے مختلف گروپوں کے لگ بھگ 121 بچے مقیم ہیں۔

ایس او ایس پشاور یتیموں اور لاوارث بچوں کو بورڈنگ کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ جہاں پر میٹر ک کی سطح تک معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ تکنیکی مہارتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ بچوں کی شادیوں کا بھی اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔

چیف جسٹس آف پاکستان اور ان کی اہلیہ نے بچوں سے بات چیت کی اور ان کی معمول کی سرگرمیوں میں گہری دلچسپی لی۔ انہوں نے بچوں کے ساتھ کھانا کھایا اور ان کی نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں میں حوصلہ افزائی کی۔ انہوں نے انہیں پڑھائی میں سبقت حاصل کرنے کی تلقین کی تاکہ وہ اپنے اور معاشرے کے لیے مفید بن سکیں۔

انہوں نے ایس او ایس کی ڈائریکٹر کے کردار کی بھی تعریف کی اور کیمپس میں نظم و ضبط برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ ادارے میں تعلیم اور دیکھ بھال کے اعلیٰ معیار کے لیے ان کی گہری دلچسپی کو سراہا۔ چیف جسٹس نے ایس او ایس ویلج کے بچوں اور انتظامیہ کو یقین دلایا کہ جب بھی ضرورت ہوگی وہ ان کے لیے دستیاب ہوں گے۔