اسلام آباد۔29جنوری (اے پی پی):چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے سیدہ تنزیلہ صباحت کو ایک سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان تعینات کرنے کی سفارش کی ہے۔کمیٹی کی جانب سے صوبوں کے چیف سیکریٹریز کی جانب سے فراہم کردہ نامزدگیوں کی فہرست سے نام تجویز کرنے کے لیے طویل عمل کے بعد سفارشات کو حتمی شکل دی گئی۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں قائم کردہ کمیٹی میں جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس شاہد وحید شامل تھے۔ سیکرٹری لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے لیے موزوں امیدوار کے انتخاب کے لیے کمیٹی بنائی گئی۔ کمیٹی نے صوبائی چیف سیکرٹریز کے نامزد کردہ امیدواروں کا انٹرویو کیا جوانتظامی امور میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔
اہلیت، مہارت اور کردار کے لیے موزوں ہونے کے جائزے کی بنیاد پر کمیٹی نے سیدہ تنزیلہ صباحت (BPS-20) کو ایک سال کے لیے ڈیپوٹیشن پر لاء اینڈ جسٹس کمیشن آف پاکستان کے سیکریٹری (BPS-21) کے عہدے کے لیے نامزد کیا۔تنزیلہ صباحت اس وقت سیکرٹری برائے سائنس، ٹیکنالوجی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی، حکومت خیبر پختونخوا کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔
سپریم کورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری کردہ ایک پریس ریلیز کے مطابق یہ تقرری ادارہ جاتی فریم ورک کو تقویت دینے، موثر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے اور انتظامیہ میں منصفانہ اور شفافیت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔